کمٹہ ،20 / اپریل (ایس او نیوز) کمٹہ اسمبلی حلقے میں پارٹی کو مزید تقویت دینے کی کوششوں میں کانگریسی لیڈروں کو اس وقت ایک اور کامیابی ملی جب سابق رکن اسمبلی شاردا موہن شیٹی دوبارہ کانگریس میں واپس لوٹنے پر راضی ہوگئیں ۔
شاردا شیٹی کو واپس کانگریس میں لانے کے لئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے کوشش کی تھی تاکہ کمٹہ حلقے میں پارٹی کی کھوئی ہوئی قوت کو دوبارہ مستحکم کیا جا سکے ۔ اس کے نتیجے میں شاردا شیٹی نے بینگلورو کے پی سی سی دفتر میں باضابطہ طور کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور پارٹی لیڈروں کی طرف سے شال اور جھنڈا تھماتے ہوئے شاردا کا استقبال کیا گیا ۔
اس دوران خبر ملی ہے کہ کانگریسی لیڈر نودیت آلوا گروپ سے وابستگی رکھنے والے کانگریسیوں نے شاردا شیٹی کی پارٹی میں واپسی پر اپنے بے اطمینانی کا اظہار کیا ہے ۔ اصل میں گزشتہ اسمبلی الیکشن کے وقت کانگریس نے شاردا شیٹی کے بجائے نودیت آلوا کو اپنا امیدوار بنایا تھا جو شاردا شیٹی کی ناراضی کا سبب بنا تھا اور وہ پارٹی سے دور ہوگئی تھیں ۔ لیکن کے پی سی سی لیڈروں نے پارٹی کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے شاردا کو واپس پارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ اور وہ اس میں کامیاب رہے ۔